اُڈپی 27/اکتوبر(ایس او نیوز) ضلع کے کوٹا منورو نیشنل ہائی وے پر ایک تیز رفتار ایمبولنس بے قابو ہوکر پہلے سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکراتے ہوئے سڑک کے دوسری جانب جاکر اُلٹ گئی، جس کے فوری بعد مخالف سمت سے آرہی ٹینکر نے بھی اُس کو ٹکر ماردی، نتیجے میں تین لوگ موقع پرہی ہلاک ہوگئے۔ حادثہ سنیچر صبح قریب ایک بجے پیش آیا۔ حادثے میں ایک خاتون سمیت دو لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کاروار سے ایک بیمار شخص اُلاس تلیکر کو پیلیا (جونڈیس ) ہونے پر اُس کو ایمبولنس پر مینگلور لے جایا جارہا تھا، اُس کے ساتھ اُس کے چار رشتہ دار بھی ایمبولنس پر سوار تھے، کہ کنداپور سے آگے کوٹا نیشنل ہائی وے پر تیز رفتار ایمبولنس بے قابو ہوگئی ، ایمبولنس پہلے سڑک کے بیچوں بیچ واقع ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی، پھر اُلٹ کر سڑک کے دوسری جا گری۔ اس موقع پر مینگلور سے ہبلی کی طرف جانے والی بھاری بھرکم ٹینکر نے ایمبولنس کو روند دیا، جس کے نتیجے میں تین لوگوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
مرنے والوں میں مریض اُلاس تلیکربھی شامل ہے، جبکہ دیگر کی شناخت اس کے رشتہ دار اروند تلیکر اور شائیلیش تلیکر کی حیثیت سے کی گئی ہے
ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں ایمبولنس ڈرائیور راگھویندرکو معمولی چوٹیں آئی ہیں ، البتہ ایمبولنس پر سواراُلاس تلیکر کی اہلیہ سادھنا تلیکر اور اس کا رشتہ اشوک شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں اور دونوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ دونوں کو فوری طور پر منی پال میں بھرتی کیا گیاہے۔
تینوں مہلوکین کو کنداپور سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعشوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
کوٹا پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیاہے۔